نئی دہلی،30جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نجی شعبے کی ایوی ایشن کمپنی انڈگو شورش زدہ ایئر لائن ایئر انڈیا کے حصول کی دوڑ میں ہے،اگرچہ انڈگو کے صدر آدتیہ گھوش نے اپنے ملازمین سے کہا ہے کہ ایئر انڈیا کے لئے بولی تبھی لگائی جائے گی، جب یہ منافع کا سودا ثابت ہو اور اس سے ہمارے ملازمین کا مفاد متاثر نہ ہوں۔عالمی بین الاقوامی ایئر لائن بننے کے ارادے ظاہر کرتے ہوئے انڈگو پہلی ایئر لائن ہو گئی ہے، جس نے رسمی طور پر خسارے میں چل رہی ایئر انڈیا کے حصول کی خواہش ظاہر کی ہے۔حکومت نے ایئر انڈیا کی حصہ داری کا اعلان کیا ہے اور اس کے طور طریقے پر کام چل رہا ہے۔
انڈگو ہندوستانی مارکیٹ کی سب سے بڑی ایئر لائن ہے اور اس کی مارکیٹ شیئر 41فیصد ہے۔انڈگو کا ارادہ ایئر انڈیا کے بین الاقوامی کارروائیوں کے علاوہ اس کی منافع والی بجٹ ایئر لائن ایئر انڈیا ایکسپریس کے حصول کا ہے۔
گھوش نے سول ایوی ایشن کی وزارت کو بھیجے خط میں کہا ہے کہ اختیارات کے طور پر ہم ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس کے تمام آپریشنل حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔ایئر انڈیا کی حصہ داری میں دلچسپی جتانے کے بعد گھوش نے انڈگو کے ملازمین کو خط لکھ کر اس اقدام کے پیچھے کی وجہ بتائی ہے۔انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ ہر کارروائی ایئر لائن کے مفادات کو ذہن میں رکھ کر کی جائے گی۔گھوش کمپنی کے کل وقتی ڈائریکٹر بھی ہیں۔